Time 05 جنوری ، 2025
دلچسپ و عجیب

اپنے بچے کی موت پر غمزدہ وہیل لاش اٹھائے تیرتے ہوئے ایک بار پھر دیکھی گئی

اپنے بچے کی موت پر غمزدہ وہیل لاش اٹھائے تیرتے ہوئے ایک بار پھر دیکھی گئی
وہیل اپنے بچے کی لاش کو اٹھائے تیرتی نظر آئی ہے— فوٹو: نوا فشریز

اپنے بچے کی موت پر غمزدہ وہیل ایک بار پھر مردہ بچے کو اٹھائے تیرتے ہوئے دیکھی گئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ساحل کے نزدیک ایک  اورکا وہیل جس نے 2018 میں بھی اپنے مردہ بچے کو اٹھائے  ایک ہزار میل کا فاصلہ طے کیا تھا، کا ایک اور بچہ مرگیا ہے اور یہ وہیل اس بچے کی لاش بھی اٹھائے ہوئے تیرتی نظر آئی ہے۔

محققین نے اس صورتحال کو اورکا وہیل کی آبادی کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

امریکا کی ریاست واشنگٹن میں قائم سینٹر فار وہیل ریسرچ نے بتایا کہ یہ وہیل، جسے طاہلیقوا یا جے 35 کے نام سے جانا جاتا ہے، اپنے مردہ بچے کے ساتھ دیکھی گئی ہے۔

 طاہلیقوا ایک نایاب اور معدومیت کے خطرے سے دوچار نسل کی وہیل ہے، ماہرین کے مطابق وہیل کی اس نسل کو مکمل خاتمے کا خطرہ لاحق ہے۔

یہ وہیل اس سے پہلے 2018 میں خبروں میں آئی تھی، جب یہ 17 دن تک سمندر میں اپنے بچے کے مردہ جسم  کو اٹھائے تیرتی نظر آئی تھی۔

ماہرین کے مطابق اب  تک اس وہیل کے دو مادہ بچوں کی موت ہوچکی ہے، اس وہیل کے دو بچے زندہ ہیں جن میں سے ایک 14 سال اور ایک 4 سال کا ہے۔

وہیل کے اس بچے جسے جے 61 کہا گیا ہے کی پیدائش کچھ ہفتے قبل ہوئی تھی اور محققین اس کے بارے میں ابتدا میں پرامید تھے لیکن جلد ہی انہیں شک ہوا کہ یہ بچہ صحت کے مسائل کا شکار ہے۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ وہیل اپنے بچے  کو اٹھائے تیر رہی ہے اور اگر بچے کی لاش اس  سے الگ ہوگر گرجاتی ہے تو وہ گہرائی میں غوطہ لگا کر اسے واپس لاتی ہے۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ وہیل جب تک یہ عمل دہرانے کے قابل رہے گی تب تک ایسا کرتی رہے گی۔

مزید خبریں :