05 جنوری ، 2025
چین نے بھارت کے ساتھ متنازع سرحدی علاقے لداخ میں دو نئی کاؤنٹیاں بنالیں۔
بھارت کی جانب سے چینی اقدام پر شدید احتجاج کیا گیا ہے اور بھارتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ان دو کاؤنٹیوں کا کچھ حصہ لداخ میں آتا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارتی علاقے پر چین کے ناجائز قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا، چینی اقدام پر اعتراض اور احتجاج سفارتی ذرائع سے چین تک پہنچا دیا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق چین نے ہوتان پریفیکچر میں لداخ کے کچھ حصے شامل کرکے دو نئی کاؤنٹیوں کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چین کی نئی کاؤنٹیوں میں اکسائے چن کے علاقے کا بڑا حصہ شامل ہے، بھارت اکسائےچن کے علاقے پر چین کے غیرقانونی قبضےکا الزام لگاتا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق ہیان کاؤنٹی اور ہیکانگ کاؤنٹی کا قیام حکومت اور ریاستی کونسل کی منظوری کے بعد کیا گیا۔
چین کا یہ اقدام بھارت اور چین کے درمیان 5 سال بعد ہونے والے سرحدی مذاکرات کے چند دن بعد کیا گیا ہے۔
چین اور بھارت کے درمیان سرحدی مذاکرات گزشتہ ماہ بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول کے دورہ بیجنگ میں ہوئے تھے۔
2020 میں لداخ میں سرحدی کشیدگی کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں، چین اور بھارت کے فوجیوں کے درمیان جھڑپوں میں کئی بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔