11 جنوری ، 2025
کریگ بریتھ ویٹ کی قیادت میں ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم 2 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کیلئے پاکستان میں موجود ہے، ملتان میں پہلا ٹیسٹ 17 اور دوسرا ٹیسٹ 25 جنوری سے شروع ہوگا۔
2 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے 15 ارکان پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، ٹیم میں 7 وہ کھلاڑی شامل نہیں جو دورہ جنوبی افریقا میں ٹیم پاکستان کا حصہ تھے۔
دورہ جنوبی افریقا میں بطور اوپنر منتخب ہونے والے عبداللہ شفیق خراب فارم اور صائم اویب ٹخنے میں فریکچر کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کی سیریز کیلئے دستیاب نہیں۔
سلیکشن کمیٹی نے اسکواڈ میں 29 سال کے بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق اور 22 سال کے دائیں ہاتھ کے اوپنر محمد ہریرہ کو منتخب کیا ہے، سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے محمد ہریرہ انگلینڈ کے خلاف بھی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ تھے، انھوں نے 44 فرسٹ کلاس میچو ں میں 8 سنچریاں بنائی ہیں۔
دوسری جانب امام الحق ہیں جنھوں نے 24 ٹیسٹ میں 3 سنچریوں کیساتھ 1568 رنز بنا رکھے ہیں۔
اب سوال یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان ٹیم کی اننگز کی شروعات کون کرے گا؟ جنوبی افریقا کے خلاف نیولینڈز کیپ ٹاؤن کے دوسرے ٹیسٹ میں صائم ایوب کے زخمی ہو نے کے بعد پہلی اور دوسری اننگز میں کپتان شان مسعود کے ساتھ سابق کپتان بابر اعظم نے اننگز کی شروعات کی تھیں۔
421 رنز کے خسارے کے ساتھ جنوبی افریقا کے خلاف دوسری اننگز میں شان مسعود اور بابر اعظم نے 205 رنز کا آغاز پاکستان ٹیم کو فراہم کیا تھا، اب اطلاعات ہیں کہ سابق کپتان بابر اعظم کو ٹیم منیجمنٹ نے بطور اوپنر نا کھلا نے کا فیصلہ کیا ہے۔
30 سال کے بابر اعظم نے جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 58 اور دوسری اننگز میں 81 رنز کی اننگز کھیلی تھی، جنوبی افریقا کے خلاف 2 ٹیسٹ کی چار اننگز میں بابر اعظم نے 3 نصف سنچریوں کیساتھ 193 رنز بنائے تھے۔
57 ٹیسٹ کی 104 اننگز میں بابر اعظم نے 44.10 کی اوسط سے 4190 رنز 9 نصف سنچریوں کی مدد سے اسکور کیے ہیں۔ ممکنہ طور پر سابق کپتان ویسٹ انڈیز کے خلاف نمبر تین پر بیٹنگ کر نے کیلئے آئیں گے۔
بابر اعظم نے ٹیسٹ کرکٹ میں 21 اننگز میں نمبر تین پر کھیلتے ہوئے 29.68 کی اوسط سے 564 رنز بنا چکے ہیں جب کہ بطور بیٹر ٹیسٹ کرکٹ میں بابر اعظم نے بہترین پرفارمنس نمبر چار پر پیش کی ہے۔
بابر اعظم نے نمبر چار پر 52 ٹیسٹ اننگز میں 7 سنچریوں کیساتھ 2486 رنز 51.79 کی اوسط سے بنا رکھے ہیں۔