20 جنوری ، 2025
اسرائیلی قید سے رہا ہونے والی فلسطینی خاتون صحافی کی ننھی بیٹی سے ملاقات کے جذباتی مناظر نے سب کو رُلا دیا۔
غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی جیلوں سے گزشتہ شب 90 فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کیا گیا جن میں فلسطینی صحافی رولا حسنین بھی شامل ہیں۔
رولا حسنین جب قیدیوں کی بس سے اتریں تو ان کی ڈیڑھ سالہ بیٹی ایلیا اپنی والدہ سے ملاقات کی منتظر تھی، ماں اور بیٹی کی ملاقات کے جذباتی مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں۔
رولا حسنین کو اسرائیلی فوج نے مارچ 2024 میں مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بیت لحم سے گرفتار کیا تھا، اس وقت ان کی بیٹی صرف 9 ماہ کی تھی۔
رولا حسنین پر سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اشتعال پھیلانے کا الزام عائد کیا گیا تھا اور اسرائیلی عدالت نے ان کی درخواست ضمانت بھی خارج کردی تھی۔
خیال رہے کہ غزہ میں جنگ بندی کا گزشتہ روز آغاز ہوا ہے، جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس کی جانب سے 3 اسرائیلی خواتین کو رہا کیا گیا جبکہ اسرائیل نے 90 فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کیا۔