01 مارچ ، 2012
واشنگٹن … امریکا اور چین نے یورینیم کی افزودگی اورطویل فاصلے تک مارکرنے والے میزائلوں کے تجربات معطل کرنے سے متعلق شمالی کوریا کے فیصلے پر محتاط ردعمل کا اظہارکیاہے۔ وائٹ ہاوٴس کے ترجمان جے کارنے نے بتایا کہ شمالی کوریا کا فیصلہ جزیرہ نما کوریا میں جوہری عدم پھیلاوٴ کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔ دوسری جانب چین کی وزارتِ خارجہ نے بھی شمالی کوریا کے فیصلے کا خیرمقدم کیا جبکہ جاپان نے اسے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔یہ پیش رفت امریکی اور شمالی کوریا کے درمیان گزشتہ ہفتے بیجنگ میں ہونے والے مذاکرات کا نتیجہ ہے۔شمالی کوریا کے دفتر خارجہ نے یورینیم کی افزودگی کا عمل روکنے کی تصدیق کی ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصلے کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے لیے اعتماد سازی ہے۔امریکی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو اپنے یونگ بیون میں واقع جوہری ری ایکٹر تک رسائی بھی دے گا تاکہ وہ اس بات کا تعین کر سکیں کہ شمالی کوریا ان اقدامات پر عمل درآمد کر رہا ہے اس اقدام کے عوض امریکہ شمالی کوریا کو دو لاکھ چالیس ہزار ٹن امدادی خوراک مہیا کرے گا۔