Time 28 جنوری ، 2025
کھیل

معین خان پاکستانی کرکٹرز کے بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں دوستانہ تعلقات پر ناراض

معین خان پاکستانی کرکٹرز کے بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں دوستانہ تعلقات پر ناراض
وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر جیسے کھلاڑیوں کو بھی میدان پر بھارتی کرکٹرز کے ساتھ مذاق کرتے یا بیٹ چیک کرتے اور سیلفی بنواتے نہیں دیکھا: معین خان—فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر معین خان نے قومی کھلاڑیوں کے بھارتی کھلاڑیوں کے ساتھ ضرورت سے زیادہ دوستانہ تعلق پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

معین خان نے اداکارہ اشنا شاہ کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے موجودہ پاکستانی کرکٹرز اور بھارتی کھلاڑیوں درمیان اسٹیڈیم کے رویے پر تنقید کی۔

اشنا شاہ نے سوال کیا کہ ماضی میں ہمارے کرکٹرز کو بارڈر کے دوسری طرف سے بھی بہت زیادہ پیار ملتا تھا لیکن اب چاہے شوبز ہو یا کرکٹ ایسا نہیں ہے، ہمارے کھلاڑی ویرات کوہلی سمیت دیگر کے ساتھ سیلفیز لیتے ہیں لیکن جواب میں بھارت کی طرف سے پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے ویسا پیار نہیں ملتا، تو ایسا کیوں ہے؟

جواب میں معین خان نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، میرا تمام بھارتی کھلاڑیوں سے  عزت کا تعلق ہے لیکن ایک وقت تھا کہ ہماری ٹیم بھارت سے بہت آگے تھی، آج ان کی ہے،  ہمارے وقت میں سینئر کھلاڑی اور کپتان ہمیں بات تک کرنے سے منع کرتے تھے۔

انہوں نے اس کا جواز پیش کیا کہ ایسا کرنے سے حریف ٹیم پر دباؤ رہتا ہے، اگر آپ ضرورت سے زیادہ کسی سے فرینڈلی ہوں گے تو وہ آپ کو اپنے لیول کا نہیں سمجھے گا اور آپ ذہنی طور پر خود کو کمزور تصور کریں گے۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ ہمارے بھی بھارتی کرکٹرز کے ساتھ اچھے تعلقات رہے اور آج بھی ہیں لیکن میدان پر کبھی ایسا نہیں ہوا کہ میرا کوئی پسندیدہ کھلاڑی آرہا ہو تو میں اس کا بیٹ چیک کرنے لگوں، ہمارے کھلاڑی منفی پیغام دیتے ہیں جس کا انہیں اندازہ بھی نہیں ہوتا۔

معین خان نے مزید کہا کہ میں جب کبھی کسی عہدے پر رہا ہمیشہ یہی کوشش کی کھلاڑیوں کو سمجھاؤں کہ یہ رویہ نہ اختیار کریں، خود وسیم اکرم بھی کرکٹرز کے رویے پر ناراض رہتے ہیں، وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر جیسے کھلاڑیوں کو بھی میدان پر بھارتی کرکٹرز کے ساتھ مذاق کرتے یا بیٹ چیک کرتے اور سیلفی بنواتے نہیں دیکھا۔

مزید خبریں :