Time 29 جنوری ، 2025
دلچسپ و عجیب

جوڑوں کی تکلیف سے نجات کا دعویٰ، چڑیا گھر نے شیرکی غلاظت بیچنا شروع کردی

جوڑوں کی تکلیف سے نجات کا دعویٰ، چڑیا گھر نے شیرکی غلاظت بیچنا شروع کردی
چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں قائم یان بائیفینگشیا وائلڈ لائف چڑیا گھر ان دنوں شدید تنقید کی زد میں ہے/ فوٹو غیر ملکی میڈیا

چین کے مشہور چڑیا گھر  نے شیر کی غلاظت سے طبی فوائد کا دعویٰ کرتے ہوئے اس کی فروخت شروع کردی۔

چینی میڈیا کے مطابق جنوب مغربی صوبے سیچوان میں قائم یان بائیفینگشیا وائلڈ لائف چڑیا گھر ان دنوں شدید تنقید کی زد میں ہے۔

 یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب چڑیا گھر کی سیر کو گئے ایک سیاح نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی۔

پوسٹ میں بتایا گیا کہ چڑیا گھر ایک سائبرین ٹائیگر کی غلاظت کی ایک بوتل 7 ڈالر (تقریباً پاکستانی 2 ہزار روپے) میں فروخت کر رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بوتل پر موجود متن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیشاب سے جوڑوں کی تکلیف، موچ اور پٹھوں کے درد کا علاج کیا جاسکتا ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، اسے سفید شراب میں شامل کرکے استعمال کیا جائے تو اچھے نتائج حاصل ہوں گے جب کہ غلاظت کے استعمال سے پہلے متاثر جگہ پر ادرک بھی لگایا جائے۔

چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے اسے پینے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم ساتھ یہ انتباہ بھی کیا گیا کہ الرجی کی صورت میں اسے بند کردینا چاہیے۔

سیاح کی پوسٹ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے اور چڑیا گھر انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

مزید خبریں :