03 مارچ ، 2013
کراچی … کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاوٴن کے قریب دھماکے میں 24 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، دھماکے کی آوازیں کئی کلو میٹر دور تک سنی گئی، رہائشی عمارتوں، دکانوں اور کئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، فلیٹس میں آگ لگ گئی۔ کراچی کے علاقے ابو الحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاوٴن کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز کئی کلو دور تک سنی گئی، جس کے بعد آمنے سامنے کی 2 عمارتوں کے کئی فلیٹس کی دیواریں گر گئیں اور کئی میں آگ لگ گئی، متعدد دکانیں بھی تباہ ہوگئیں، متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد علاقے کی بجلی بھی چلی گئی جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں بھی دشواری کا سامنا کرناپڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق تاحال انتظامیہ کا کائی نمائندہ دھماکے کے مقام پر نہیں پہنچا، عوام اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں کررہے ہیں۔ نمائندگان جیو نیوز کے مطابق دھماکوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہوگئی ، 20 سے زائد افراد زخمی ہیں جبکہ مزید زخمیوں کی اسپتال آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق عمارتوں کے ملبے میں سے بھی2 افراد کی لاشیں نکالی گئیں اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے مزید افراد بھی ملبے میں دبے ہوسکتے ہیں، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ہے۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق مزید 10 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دھماکے میں ایک درجن سے زائد دکانیں تباہ ہوگئیں جبکہ کئی گاڑیوں اور 2 بینکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، دھماکے کی جگہ آگ لگی ہوئی ہے، آگ بجھانے کیلئے فائر ٹینڈرز طلب کرلئے گئے ہیں جو آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہیں۔ ڈی ایس پی سچل قمر احمد کا کہنا ہے کہ ابو الحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاوٴن کے قریب 2 دھماکے ہوئے جن میں ایک موٹر سائیکل کے ذریعے کیا گیا، دھماکے میں نمازیوں کو نشانہ بنایا گیا جو مغرب کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ایک دھماکا عباس ٹاوٴن کے داخلی دروازے کے قریب ہوا جبکہ دوسرا دھماکا گاڑی کا گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔