13 فروری ، 2025
حافظ آباد کے علاقے کوٹ نکہ میں پی ٹی آئی کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری قمرجاوید گجر کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پی ٹی آئی کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی چوہدری قمر جاوید گجر کے قتل کا مقدمہ 4 نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ صدر پنڈی بھٹیاں میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق چوہدری قمر جاوید گجر آج گھر سے نماز فجر پڑھنے کے لیے مسجد جا رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے ہوئے نامعلوم ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
انہیں فوری طور پر ٹی ایچ کیو اسپتال پنڈی بھٹیاں لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے چوہدری قمر جاویدگجر نےگزشتہ انتخابات میں حلقہ پی پی39 سے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا تھا۔
وہ پنڈی بھٹیاں بار کے صدر بھی رہ چکے ہیں، پنڈی بھٹیاں بار کے وکلا نے چوہدری قمر جاوید گجر کے قتل کے سوگ میں آج مکمل ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔