Time 17 فروری ، 2025
دلچسپ و عجیب

42 دن میں ایک ڈاکٹر 25 کلوگرام جسمانی وزن کم کرنے میں کیسے کامیاب ہوا؟

42 دن میں ایک ڈاکٹر 25 کلوگرام جسمانی وزن کم کرنے میں کیسے کامیاب ہوا؟
اس ڈاکٹر کو جگر کے ایک عارضے کا سامنا تھا / فائل فوٹو

اکثر افراد کو جسمانی وزن میں کمی لانے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے مگر ایک شخص نے محض 42 دنوں میں 25 کلو گرام وزن کم کرکے انٹرنیٹ صارفین کو دنگ کر دیا۔

وسطی چین سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ ڈاکٹر وو تیان گن نے یہ حیرت انگیز کام باڈی بلڈنگ مقابلے کے لیے کیا۔

ووہان کے ایک اسپتال میں سرجن کے طور پر کام کرنے والے وو تیان گن میں 2023 میں جگر پر چربی چڑھنے کے عارضے کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد وزن میں اضافہ ہونے لگا۔

گزشتہ سال ان کا جسمانی وزن 97.5 کلو گرام تک پہنچ گیا تھا جس کی وجہ ورزش سے دوری اور کھانے کا کوئی وقت مقرر نہ ہونا تھا۔

ان کی صحت خراب ہونا شروع ہوئی تو انہوں نے خود کو فٹ اور صحت مند بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا۔

ان کے مطابق 'اگر میں خود اپنے لیے کچھ نہیں کرتا تو دیگر افراد مجھے کیسے بچا سکتے ہیں؟'

تو جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے انہوں نے ایک منصوبہ بنایا۔

اس منصوبے کے تحت روزانہ کم از کم 2 گھنٹے ورزش اور 6 گھنٹے نیند کو معمول بنایا۔

وہ ہر صبح ساڑھے 5 بجے بیدار ہو جاتے، پھر ایک گھنٹے تک ایروبک ورزش کرتے اور پھر کام پر روانہ ہوجاتے۔

اسپتال سے فارغ ہوکر وہ ایک بار پھر ایک گھنٹے تک ورزش کرتے۔

البتہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے وہ کھانے میں کیا کھاتے تھے۔

بتدریج انہوں نے ورزش کا دورانیہ بڑھا کر 4 گھنٹے کر دیا تاکہ باڈی بلڈنگ مقابلے میں شریک ہوسکیں اور وہ اسے جتینے میں کامیاب بھی ہوگئے۔

وو تیان گن کے مطابق موٹاپے کے شکار فرد سے باڈی بلڈر بننے تک ان کا سفر بتاتا ہے کہ ہر فرد خود کو تبدیل کرسکتا ہے۔

انہوں نے مزید 100 افراد کو اپنے جسمانی وزن میں کمی لانے میں بھی مدد فراہم کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ صحت مند طرز زندگی جیسے مناسب وقت تک نیند، مخصوص غذا، ورزش اور پرسکون رہنے سے جسمانی وزن میں کمی لانا آسان ہو جاتا ہے۔

مزید خبریں :