Time 19 فروری ، 2025
پاکستان

وزیراعظم کی جانب سے سفارتخانوں کی کارکردگی بڑھانے کے ٹاسک کیلئےخصوصی ذیلی کمیٹی قائم

وزیراعظم کی جانب سے سفارتخانوں کی کارکردگی بڑھانے کے ٹاسک کیلئےخصوصی ذیلی کمیٹی قائم
فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بیرون ملک سفارتخانوں کی کارکردگی بڑھانے کے ٹاسک پر  نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خصوصی ذیلی کمیٹی قائم کردی۔

رکن قومی اسمبلی بلال اظہرکیانی 8 رکنی ذیلی کمیٹی کے کنوینرمقرر کیےگئے ہیں جس کا  نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

ذیلی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل بلال اظہر کیانی کی زیرصدارت ہوگا، داخلہ، تجارت، خزانہ اور  اطلاعات ونشریات کے ایڈیشنل سیکرٹری ذیلی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

وزارت اوورسیزپاکستانیز  اور خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری  بھی ذیلی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔کابینہ ڈویژن کے ادارہ جاتی اصلاحات سیل کے جوائنٹ سیکرٹری بھی ذیلی کمیٹی کے رکن مقرر کیےگئے ہیں۔

ذیلی کمیٹی پاکستانی سفارت خانوں کی مجموعی کارکردگی، ڈھانچے، درپیش مسائل کا جائزہ لےگی۔ ذیلی کمیٹی پاکستانی سفیروں کو بھی فرداً فرداً بلائےگی اور ان سے تجاویز لے گی۔ ذیلی کمیٹی پاکستانی سفارتخانوں کی سیاسی ومعاشی کاوشوں کا جائزہ لےگی۔

ذیلی کمیٹی کسی بھی ملک میں سفارتخانے کےکام کی نوعیت اورسفارتی عملے کی تعدادکا جائزہ لےگی۔ ذیلی کمیٹی پاکستانی سفارتخانوں کی کارکردگی بڑھانے،حالات کے مطابق اصلاحات کے لیے اقدامات تجویزکرےگی۔ ذیلی کمیٹی پاکستانی سفارتخانوں کے لیے قومی ضروریات اور مقاصد کے مطابق اہداف کا تعین کرےگی۔

ذیلی کمیٹی پاکستانی سفارتخانوں اور سفارت کاروں کی کارکردگی جانچنے کے لیے طریقہ کار کی تجاویزدے گی۔ ذیلی کمیٹی اپنے کام کی انجام دہی کے لیے کسی ماہراور سفارتی شخصیت کی مدد بھی حاصل کرسکتی ہے۔

بیرون ملک تعینات پاکستانی سفیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ذیلی کمیٹی کو مکمل معاونت فراہم کریں۔

مزید خبریں :