21 فروری ، 2025
دنیا بھر میں لگژری ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے مگر سعودی عرب میں اس حوالے سے جو منصوبہ بنایا گیا ہے وہ بالکل مختلف ہے۔
سعودی عرب میں پہلی 5 اسٹار ٹرین ڈریم آف دی ڈیزرٹ کا حتمی ڈیزائن سامنے آگیا ہے۔
ریاض سے قریات شہر تک چلنے والی یہ ٹرین 780 میل کا فاصلہ سعودی صحرائی خطے میں طے کرے گی۔
سعودی عرب ریلویز اور اطالوی کمپنی Arsenale کے اس مشترکہ منصوبے کے تحت ٹرین سروس کا آغاز 2026 کے آخر میں ہوگا۔
پہلے کہا جا رہا تھا کہ اس منفرد ٹرین کو نومبر 2025 میں آپریشنل کیا جاسکتا ہے مگر اب اس کا آغاز کچھ تاخیر سے ہوگا۔
یہ ٹرین 14 بوگیوں پر مشتمل ہوگی جن میں 34 پرتعیش کمرے موجود ہوں گے۔
ٹرین کا ڈیزائن لبنان سے تعلق رکھنے والی Aline Asmar d'Amman نے تیار کیا ہے اور بوگیوں کے اندرونی حصوں کو ٹرین سے باہر نظر آنے والے صحرائی مناظر اور اسلامی طرز تعمیر کے مطابق تیار کیا جائے گا۔
Aline Asmar کے مطابق ریسیپشن ایریا دیکھنے میں سعودی عرب کے روایتی ملاقاتی کمروں جیسا ہوگا۔
دیواروں پر سعودی ثقافت کو ظاہر کرنے والے خصوصی آرٹ فن پارے لگائے جائیں گے۔
سونے کے کمروں میں صوفے ، لکڑی کے پینلز پر مشتمل دیواریں اور آرٹ ڈیکو اسٹائل لیمپس موجود ہوں گے۔
ایک انسٹا گرام پوسٹ میں ڈیزائنر نے بتایا کہ اس ٹرین کا سفر پرتعیش ہونے کے ساتھ ساتھ سعودی ثقافت کو بھی بیان کرے گا۔
مسافروں کو کھانے میں سعودی پکوانوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔
اس ٹرین کا سفر 2 دنوں پر مشتمل ہوگا اور اس دوران یہ سعودی عرب کے حیران کن صحرائی مقامات سے گزرے گی۔
سعودی ریلوے کمپنی کے مطابق ڈریم آف دی ڈیزرٹ سے سیاحوں اور مقامی رہائشیوں کو سعودی عرب کے مزید خطے دیکھنے کا موقع پرتعیش سہولیات کے ساتھ ملے گا۔
اس کے ذریعے سیاح سعودی عرب میں واقع یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل مقامات اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز رائل نیچرل ریزرو کو بھی دیکھ سکیں گے۔