25 فروری ، 2025
سربراہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ قطر پہنچ گئےجہاں انہوں نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق وفد نےحماس کی مجلس شوریٰ سے ملاقات کی، ملاقات میں غزہ و فلسطین کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے حماس رہنماؤں کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فلسطین آزاد ریاست ہے، اسرائیلی قبضے کی حمایت نہیں کی جاسکتی، مسجد اقصیٰ اور فلسطین کی آزادی کے ليے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں۔
حماس کی مجلس شوریٰ کے سربراہ ابوعمر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی امت مسلمہ کی طرف سے فرض کفایہ ادا کررہے ہیں۔
ابو عمر نے کہا کہ گھروں کی تعمیر، خیموں، دواؤں اور سحر و افطار میں پاکستانی عوام اور امت مسلمہ سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستانی عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔