26 فروری ، 2025
میڈیا کی آزادی کے دفاع اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس( پی ایف یو جے) نے جامع منصوبہ بندی کر لی۔
اسلام آبادمیں ملک بھر سے شریک ساڑھے چار سو سے زائد ڈیلیگیٹس کے اجلاس میں سینیئر صحافی مظہر عباس، سلیم شاہد اور آصف بشیر چوہدری پر مشتمل کمیٹی نے ایف ای سی کی منظوری سے تیار کردہ ڈیکلیئریشن جاری کیا۔
ڈیکلیئریشن میں کہاگیا کہ پی ایف یو جے پیکا ترمیمی ایکٹ 2025 سمیت تمام سیاہ قوانین کو ڈریکونین لا سمجھتی ہے ۔ جمہوریت پر سوالیہ نشان اٹھا کر عدلیہ و میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوششیں جاری ہیں ، آزادی صحافت پر قدغنوں کے باعث، چند آزاد میڈیا ہاؤسز بندش کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔
پی ایف یو جے نے صحافیوں کے تحفظ اور حقوق کے لیے عالمی سطح پر قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیاہے۔
پی ایف یو جے نے اعلان کیا کہ عید کے بعد پیکا کے خلاف حیران کن تحریک چلائی جائےگی جو حکمرانوں کو چونکا کر رکھ دے گی۔ اجلاس میں سوشل میڈیا کو رکنیت دینے کے لیے آئین میں ترمیم کرتے ہوئے رولز کی تیاری کے لیے کمیٹی بھی قائم کی گئی۔
پی ایف یوجے نے صحافیوں کےخلاف شکایات درج کرانے کے لیے کونسل آف کمپلینٹ قائم کرنے کی بھی منظوری دی ۔