پاکستان
07 مارچ ، 2013

پاکستان کے مستقبل سے مایوس نہیں، ریما کا اپنا کی تقریب سے خطاب

پاکستان کے مستقبل سے مایوس نہیں، ریما کا اپنا کی تقریب سے خطاب

ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ/نمائندہ خصوصی…بالی وڈ کی مایہ ناز اداکارہ و ہدایت کارہ ریماخان نے کہا ہے کہ جب بھی پاکستان کے کسی حصے میں کوئی سانحہ رونما ہوتا ہے تو امریکا میں بسنے والے پاکستانی اس مشکل کو اپنے دلوں میں محسوس کرتے ہیں اس کے باوجود ہم پاکستان کے مستقبل سے مایوس نہیں ہیں۔ وہ ڈیلس میں پاکستانی ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم اپنا نارتھ ٹیکساس کے زیر اہتمام سالانہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تکالیف دیکھ کر ہماری تکلیف میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے لیکن مجھے کامل یقین ہے کہ انسان ہمت سے کام لے اور ہار نہ مانے تو دنیا کی کوئی طاقت اس کو شکست نہیں دے سکتی۔ ہم سب کو مل کر حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا، آنے والا وقت پاکستان کیلئے انشاء اللہ بہت اچھا ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بقیہ ماندہ زندگی امریکا میں ہی گزاریں گی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستانی حالات سے متعلق اشعار بھی سنائے۔ انہوں نے اپنا ڈیلس چیپٹر کے صدر ڈاکٹر داوٴد ناصر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کو بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر داوٴد ناصر، سینئر ڈاکٹر ارجمند ہاشمی، ڈاکٹر طارق شہاب اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پاکستانی کمیونٹی کیلئے خدمات سرانجام دینے والی شخصیات میں ایوارڈ تقسیم کیے گئے جن میں جنگ گروپ کے زاہد اختر خانزادہ، ڈاکٹر خالد محمود، ڈاکٹر حسن ہاشمی ،ڈاکٹر طارق شہاب، ڈاکٹر ارجمند ہاشمی، کونسل ممبر عامر عمیر، فن ایشیاء کے شارق حامد شامل تھے۔ پروگرام کے آخر میں محفل موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں پاکستان کے معروف گلوکار ارشد محمود، مقامی گلوکار علی مہدی نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر داوٴد ناصر نے تمام حاضرین اور امریکن اسپیشلٹی کے مالک عبدالحمید سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے گراں قدر خدمات پر پاکستانی ڈاکٹرز کے شکر گزار ہیں۔

مزید خبریں :