31 مارچ ، 2025
عید کی خوشیوں کو اپنوں کے ساتھ بانٹنا ضروری ہے جس کیلئے دعوت کا خوب اہتمام کیا جاتا ہے اور مزے کے کھانے مہمانوں کے سامنے پیش کیے جاتے ہیں۔
دَم کا قیمہ کھانے میں جتنا مزیدار ہے اسے بنانا بھی اتنا ہی آسان ہے، جس کی ترکیب درج ذیل ہے۔
اجزاء: کالے چنے دو کھانے کے چمچ، بُھنی ہوئی خشخاش ایک کھانے کا چمچ، سفید اور کالا زیرہ ایک ایک چائے کا چمچ، چھوٹی الائچی پانچ سے چھے عدد، لونگ چار سے پانچ عدد، کالی مرچ چھے سے سات عدد، بیف قیمہ ایک کلو (مشین کا پسا ہوا)، دہی ایک پاؤ، لال مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ، کچا پپیتا پسا ہوا دو کھانے کے چمچ ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک ایک کھانے کا چمچ، ہری مرچ پسی ہوئی دو سے تین عدد، گرم مسالا پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، لیموں کارس دوچائے کے چمچ، پودینا آدھی گٹھی، پیاز لچھوں میں کٹی ہوئی ایک عدد، تیل حسبِ ضرورت۔
ترکیب: گرائنڈر میں کالے چنے، خشخاش، سفید زیرہ، کالا زیرہ، چھوٹی الائچی، لونگ اور کالی مرچ ڈال کر پیس لیں۔ ایک پتیلی میں تیل لےکر، اُس میں قیمہ اور لہسن، ادرک کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ اُس کے بعدلال مرچ، کچا پپیتا، ہری مرچ، دہی، پسے ہوئےاجزا اور پسا ہوا گرم مسالا بھی شامل کردیں۔
کچھ دیر مزید بھونیں اور تھوڑا سا پانی شامل کر کے ڈھک دیں۔ قیمہ گَل جائے تو لیموں کا رس ڈال کر چار سے پانچ منٹ کے لیے دَم پر رکھ دیں۔ لیجیے، مزے دار دَم کا قیمہ تیار ہے۔ پودینے، ہری مرچ اور پیاز کے لچھوں سے گارنش کر کے پیش کریں۔