Time 30 مارچ ، 2025
پاکستان

ملک میں غیرقانونی رہائش پذیر غیرملکیوں کے انخلا کی ڈیڈلائن آج ختم ہورہی ہے

ملک میں غیرقانونی رہائش پذیر غیرملکیوں کے انخلا کی ڈیڈلائن آج ختم ہورہی ہے
فوٹو: فائل

ملک میں غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کے انخلا کی ڈیڈلائن آج ختم ہورہی ہے۔

غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر بلال شاہد راؤ نے جیو نیوز کو بتایا کہ ملک میں غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کے رضاکارانہ انخلا کی ڈیڈ لائن آج ختم ہوجائے گی اور کل سے ملک بدر کرنے کا سلسلہ شروع ہوگا۔

ڈی سی نےکہا کہ غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں  اور لنڈی کوتل گلاب گراؤنڈ میں عارضی کیمپ یا ٹرانزٹ پوائنٹ قائم کردیا ہے جس میں بہ یک وقت 1500 افراد رکھنےکی گنجائش موجود ہے، مرد اور خواتین کے لیے الگ الگ واش روم قائم کردیےگئے ہیں، ٹرانزٹ پوائنٹ میں طبی سہولیات میسر ہوں گی، مفت کھانہ بھی فراہم کیا جائےگا۔

ملک میں غیرقانونی رہائش پذیر غیرملکیوں کے انخلا کی ڈیڈلائن آج ختم ہورہی ہے
 لنڈی کوتل گلاب گراؤنڈ میں عارضی کیمپ قائم کیا گیا ہے،فوٹو: جیو نیوز

لنڈی کوتل ٹرانزٹ پوائنٹ میں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد غیر ملکیوں کو طورخم کے راستے افغانستان ڈی پورٹ کیا جائےگا۔ لنڈی کوتل ٹرانزٹ پوائنٹ سے طورخم بارڈر تک 10 کلومیٹر کا فاصلہ ہے اور اس مسافت کے لیے مفت ٹرانسپورٹ سروس فراہم کی جائے گی۔

ڈی سی نے مزید کہا کہ 29 کنال اراضی پر قائم اس عارضی کیمپ کے ارد گرد آہنی باڑ نصب کی گئی ہے۔ سکیورٹی کے لیے پولیس اور فرنٹیئر کور کے جوانوں کو تعینات کردیا گیاہے۔

دوسری جانب کمانڈنٹ باڑہ رائفل بریگیڈیئر محمد شعیب نے آج ڈپٹی کمشنر خیبر بلال شاہد راؤ، ڈی پی او رائے مظہر اقبال سمیت پی ڈی ایم اے حکام کے ہمراہ لنڈی کوتل عارضی کیمپ کا دورہ کیا اور ٹرانزٹ پوائنٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر بلال شاہد راؤ نے بریگیڈیئر محمد شعیب کو عارضی کیمپ کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ لنڈی کوتل عارضی کیمپ میں نادرا عملہ، کسٹم، ایف آئی اے سمیت پی ڈی ایم اے عملہ تعینات کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کیمپ کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جارہی ہے اور صوبائی محکمہ داخلہ کو سی سی ٹی وی کیمروں تک آن لائی رسائی دی گئی ہے۔

مزید خبریں :