پاکستان
09 مارچ ، 2013

پیر تک کاغذات نامزدگی کی منظوری نہ ملی تو پرانے چَھپ جائیں گے،الیکشن کمیشن

پیر تک کاغذات نامزدگی کی منظوری نہ ملی تو پرانے چَھپ جائیں گے،الیکشن کمیشن

اسلام آباد....الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صدر زرداری نے پیر تک نئے کاغذات نامزدگی کی منظوری نہ دی تو پرانے کاغذات چھپنا شروع ہوجائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ جو بھی کرنا ہے 11مارچ تک کرلیں، ترامیم منظور نہ ہوئیں تو پرانے کاغذات چھپائی کے لیے بھجوادیے جائیں گے۔ وزارت قانون نے کاغذات نامزدگی میں الیکشن کمیشن کی طرف سے کی گئی ترامیم پر کئی ایک اعتراضات داغ دیے ہیں۔وزارت قانون کے ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن میں داخل کرائے گئے اعتراضات میں کہاگیاہے کہ امیدوار سے سفری ریکارڈ مانگنے کی ضرورت نہیں۔ امیدوار نے 5سال میں حلقے کے لیے کیا کچھ کیا، یہ معلومات دینابھی ضروری نہیں۔ زرعی ٹیکس اثاثوں کی تفصیلات میں شامل ہے ، اس لیے کاغذات نامزدگی میں اس کی تفصیلات طلب کرنابھی ضروری نہیں۔ دہری شہریت کا حلفہ نامہ لینے کے بعد غیر ملکی پاسپورٹ کی تفصیلات مانگنے کی ضرورت نہیں رہی۔وزارت قانون کے اعتراضات میں یہ بھی کہاگیا ہے کہ 3 سالہ ٹیکس کی تفصیلات امیدوار کی بجائے ایف بی آر سے لی جائیں۔ جس امیدوار کے خلاف فوجداری مقدمہ زیر التوا ہو، وہ نااہل نہیں ہوتا۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے لیے 11مارچ تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے ، سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کا کہناہے کہ وزارت قانون نئے کاغذات نامزدگی پر اپنا اور الیکشن کمیشن کا موقف صدر کے سامنے رکھے، کاغذات نامزدگی کی حتمی منظوری دینا صدر کا کام ہے ، 11مارچ تک کاغذات نامزدگی منظور نہ ہوئے تو پرانے کاغذات کو چھپائی شروع کر دی جائے گی۔

مزید خبریں :