Time 04 اپریل ، 2025
انٹرٹینمنٹ

کپڑے تبدیل کرتے وقت ڈائریکٹر میری وین میں گھس آیا تھا: بھارتی اداکارہ کا انکشاف

کپڑے تبدیل کرتے وقت ڈائریکٹر میری وین میں گھس آیا تھا: بھارتی اداکارہ کا انکشاف
شالینی پانڈے نے 2017میں بھارتی ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا کی فلم ’ارجن ریڈی‘ سے شہرت حاصل کی تھی/فوٹوفائل

بالی وڈ اداکارہ  شالینی پانڈے نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ساؤتھ ڈائریکٹر اس وقت میری   وینیٹی وین میں گھس آیا جب میں کپڑے تبدیل کر رہی تھی۔

شالینی پانڈے نے 2017 میں بھارتی ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا کی فلم  ’ارجن ریڈی‘ سے شہرت حاصل کی تھی، ان کا آخری پروجیکٹ ’ ڈبہ کارٹیل ‘  تھا جس میں وہ اداکارہ شبانہ اعظمی سمیت دیگر اداکاروں  کے ساتھ جلوہ گر ہوئی تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں  ایک انٹرویو کے دوران شالینی پانڈے نے انڈسٹری کے ابتدائی سالوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میرا فلمی گھرانے سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں تھا  جبکہ میں نے  بالی وڈ انڈسٹری میں ہر  گزرتے سالوں کے ساتھ بہت کچھ سیکھا ‘ ۔

اداکارہ نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ  ’ اپنے کیریئر کے آغاز میں، میں ایک ساؤتھ فلم کر رہی تھی جس دوران کپڑے تبدیل کرتے وقت ایک ڈائریکٹر بغیر دستک دیے  میری وین میں گھس آیا ،اس وقت میں صرف 22 سال کی تھی میرے پاس زیادہ تجربہ بھی نہیں تھا، لوگ ہمیشہ کہتے تھے کہ میٹھی گفتگو کرو کسی کو برا نہ محسوس ہونے دو کیوں کہ اگر ایسا ہوا تو فلمیں نہیں ملیں گی لیکن جب ڈائریکٹر نے ایسا کیا تو میرا ردعمل فطری تھا اور  میں چیخ پڑی تھی‘۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ ’ ڈائریکٹر میرے چیخنے کے بعد چلا گیا تھا جس پر  کئی  لوگوں نے مجھے کہا کہ مجھے چیخنا نہیں چاہیے تھا لیکن کیا صرف اس لیے کہ میں نئی  تھی؟ کوئی بھی  میرے ساتھ ایسا نہیں کر سکتا، بعد میں مجھے احساس ہوا کہ میرا رویہ میری  حفاظت کےلیے تھا لیکن لوگ مجھے غصے والی سمجھنےلگے تھے لیکن اب میں نے  ایسے حالات کو بہتر طریقے سے ہینڈل کرنا سیکھ لیا ہے‘۔

مزید خبریں :