Time 07 اپریل ، 2025
دنیا

حماس نے اسرائیل پر راکٹ داغ دیے، عسقلان میں نقصانات

غزہ سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر راکٹ حملے کے بعد مقبوضہ عسقلان میں نقصانات کی اطلاعات ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ سے اسرائیلی علاقوں کی جانب 10 راکٹ  داغے گئے جو کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران غزہ سے ہونے والا سب سے بڑا راکٹ حملہ ہے۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اس راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ سے داغے جانے والے اکثر راکٹوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا۔

حماس نے اسرائیل پر راکٹ داغ دیے، عسقلان میں نقصانات
فوٹو: اسرائیلی میڈیا

اسرائیلی میڈیا کی جانب سے جاری کی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز میں مقبوضہ شہر عسقلان میں راکٹ گرنے کے مناظر دکھائے گئے ہیں جن میں تباہ شدہ گاڑیاں نظر آرہی ہیں۔

اسرائیل کی ریسکیو سروس کے مطابق راکٹ حملے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے 18 مارچ کو غزہ جنگ بندی معاہدہ توڑتے ہوئے غزہ پر بدترین بمباری شروع کردی تھی جس کے نتیجے میں 18 سے مارچ سے اب تک غزہ میں ایک ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔


مزید خبریں :