پاکستان
09 مارچ ، 2013

جئے پور میں راجہ پرویز اشرف کی آمد، وکلاء اور دکاندار وں کااحتجاج

 جئے پور میں راجہ پرویز اشرف کی آمد، وکلاء اور دکاندار وں کااحتجاج

کراچی…محمدرفیق مانگٹ…بھارتی اخبار”ہندوستان ٹائمز“ کے مطابق پاکستانی وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے دورہ بھارت کے خلاف اجمیر کے وکلاء اور دکاندار مشترکا احتجاج کررہے ہیں ۔رپورٹ کے مطابق مقامی وکلاء اور اجمیر درگاہ مارکیٹ ایسوسی ایشن نے حال ہی میں بھارتی فوجیوں کے قتل اور سر قلم کے واقعے پر پاکستان کے وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے دورے کے خلاف احتجاج میں شامل ہو گئے ہیں۔ اجمیر شریف درگاہ کے سربراہ کے پاکستانی وزیر اعظم کے دورے کے بائیکاٹ بیان کے بعد وکلاء اور مارکیٹ ایسوسی ایشن نے ا حتجاج کا اعلان کیا۔ درگاہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ سیکورٹی خدشات کی وجہ سے مارکیٹ VVIPs کے دورے پر بند رکھی جاتی ہے۔لیکن اس وقت ہم دکانیں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقرر وقت سے پہلے رضاکارانہ طور پر بند کر رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ بند کرنے کا مقصد پاکستانی وزیر اعظم کے دورے کے خلاف اپنا احتجاج رجسٹر کرانا ہے۔اجمیر شریف درگاہ دیوان زین العابدین علی خان نے کہا تھا کہ وہ بھارتی فوجیوں کے سر قلم کرنے کے خلاف احتجاج میں بائیکاٹ کریں گے ۔اجمیر بار ایسوسی ایشن کے نمائندے راجیش ٹنڈن نے کہا کہ جن جن سڑکوں پر پاکستانی وزیراعظم کا قافلہ گزر جائے ان کی واپسی کے بعد ہم ”پویتر“ کرنے کیلئے سڑکوں کو پانی سے دھوئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ سلمان خورشید کا راجہ اشرف کا خیر مقدم کرنا اور ظہرانے کی میزبانی کرنا توہین ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بھارتی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر معافی مانگنی چاہیے۔

مزید خبریں :