Time 13 اپریل ، 2025
پاکستان

وزیر اعظم کا ایران سے پاکستانیوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے سزا دینے کا مطالبہ

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایران میں 8 پاکستانیوں کے قتل پرگہرے دکھ اوررنج کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی حکومت سے ملزمان کو گرفتار کر کے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

شہباز شریف نے ایران کے صوبے سیستان میں قتل ہونے والے 8 پاکستانیوں کے واقعے پر گہرے افسوس اور تشویش ظاہر کرتے ہوئے ایرانی حکومت سے بہیمانہ اقدام کی وجوہات سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا ایرانی حکام معصوم پاکستانیوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتاری کر کے انہیں قرار واقعی سزا دیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا خطے کے ممالک کو ملکر دہشت گردی کے خلاف مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔

وزیرِ اعظم نے وزارت خارجہ کو قتل ہونے والے پاکستانیوں کے اہلخانہ سے رابطہ کرنے اور ایران میں پاکستانی سفارت خانے کو میتوں کی باحفاظت واپسی کیلئے فوری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ میتوں کی واپسی کے لیے ایرانی حکام سے رابطےمیں ہیں، تہران میں پاکستانی سفارتخانہ اور زاہدان میں قونصل خانہ متحرک ہیں، واقعےکی تفصیلات کی تصدیق کے منتظر ہیں۔

مزید خبریں :