13 اپریل ، 2025
پنجاب کے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہےکہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں زائد المیعاد اسٹنٹس کے استعمال کی خبر پرانی ہے۔
لاہور سےجاری بیان میں خواجہ سلمان رفیق نےکہا کہ اس واقعے کے تمام ذمہ داروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جاچکی ہے، اب پی آئی سی میں گارنٹی والے اسٹنٹس استعمال کیے جاتے ہیں ۔
خواجہ سلمان رفیق نےکہا کہ پی آئی سی میں ہر مریض کے علاج معالجےکے عمل کو مانیٹر کیا جاتا ہے، چیئرمین بورڈ آف منیجمنٹ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور ایم ایس عمل کو مانیٹر کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی آئی سی میں مریض اعتماد کے ساتھ علاج معالجےکی سہولتوں سے استفادہ کرتے ہیں ، ان کا مزید کہنا تھا کہ اب پی آئی سی میں مریضوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔