پاکستان
09 مارچ ، 2013

بھارتی آرمی چیف کا پاکستانی وزیر اعظم کے دورہ بھارت پر تبصرے سے انکار

بھارتی آرمی چیف کا پاکستانی وزیر اعظم کے دورہ بھارت پر تبصرے سے انکار

کراچی … محمد رفیق مانگٹ … امریکی اخبار ”وال اسٹریٹ جرنل“ لکھتا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات تو کی لیکن ان کے درمیان سرکاری سطح پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی، بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے دہشت گردی کے موضوع پر کوئی بات نہیں کی اور یہ مسئلہ کسی مناسب موقع پر اٹھایا جائے گا، دوسری جانب بھارتی آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ نے راجا پرویز اشرف کے دورہ بھارت پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔ اخبار کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے دورہ بھارت کے خلاف احتجاج ہوئے، ان کا دورہ ایسے وقت میں ہوا جب دونوں اطراف کشیدگی پائی جا رہی ہے، اخبار نے بھارتی جنتا پارٹی کے صدر راج ناتھ سنگھ کے حوالے سے لکھا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ اس وقت تک سفارتی سطح پر بات چیت نہیں کرنی چاہئے جب تک بھارت کے خلاف پاکستانی سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں کیا جاتا۔ اس سے قبل بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کا کہنا تھا کہ اس وقت تک پاکستان کے ساتھ دو طرفہ باہمی تعلقات معمول پر نہیں آسکتے جب تک اسلام آباد دہشت گردی کو کنٹرول نہیں کرتا۔ امریکی اخبار ”نیو یارک ڈیلی نیوز“ لکھتا ہے کہ درگاہ اجمیر شریف کے بازاروں میں ڈھائی بجے سے کرفیو کا سماں تھا۔ پاکستانی وزیر اعظم کے دورے کے خلاف احتجاج کرنے والے 35 افراد کو گرفتا رکیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ انہوں نے 30 کے قریب شیو سینا اور بی جے پی کارکنوں کو گرفتا رکیا ہے جو ”گو بیک گو بیک اشرف“ کے نعرے لگا رہے تھے۔ انہوں نے ظہرانے کے دوران سڑکوں پر احتجاج کرکے ٹریفک کو جام کردیا تھا، درگاہ کے مرکزی دروازے سے 4 افراد کو گرفتا ر کیا گیا۔ وکلاء کے ایک گروپ نے بھی مرکزی دروازے پر سیاہ پرچم اٹھائے احتجاج کیا۔ بھارتی اخبار ”ہندوستان ٹائمز “کے مطابق بھارتی آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ نے پاکستانی وزیر اعظم کے دورہ بھارت پر تبصرہ کرنے سے انکارکرتے ہوئے کہاکہ یہ ان کا نجی دورہ ہے اور یہ ایک سیاسی فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے خدشات کا اظہار اسی وقت کردیا تھا، حکومت کو اس پر فیصلہ کرنے دیا جائے اور مجھے اس پر کوئی تبصرہ کرنا پسند نہیں۔

مزید خبریں :