09 مارچ ، 2013
پشاور … عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے سانحہ بادامی باغ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت اور اس کے اداروں کی ذمہ داری ہے۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اسفندیار ولی نے اقلیتوں کے گھروں پر حملے، انہیں لوٹنے اور نذر آتش کرنے کے عمل کو غیر انسانی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست اور اس کے اداروں کی ذمہ داری ہے لیکن بادامی باغ میں پولیس کی موجودگی میں مسیحی برادری کے مکانات کو نذر آتش کرنا تشویشناک ہے۔ اسفندیار ولی خان نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے اور متاثرین کو مکانات کی تعمیر کیلئے معاوضہ دیا جائے۔