09 مارچ ، 2013
اسلام آباد … بلوچستان میں صوبائی حکومت کی تشکیل کیلئے فائنل راوٴنڈ شروع ہوگیا، ایک طرف سابق وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی دبئی سے اسلام آباد پہنچے تو دوسری طرف خورشید شاہ نے بلوچستان اسمبلی میں پارٹی کے اراکین کو اسلام آباد طلب کرلیا۔ بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی تقریبا ڈھائی ماہ ملک سے باہر رہنے کے بعد دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئے، نواب اسلم رئیسانی کی بیرون ملک موجودگی کے دوران سانحہ علمدار روڈ پیش آیا تھا اس سانحہ میں 100 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، جس پر وفاقی حکومت نے 14 جنوری کو بلوچستان میں نواب اسلم رئیسانی کی حکومت ختم کر کے 2 ماہ کیلئے گورنر راج لگادیا تھا۔ اس دوران بلوچستان حکومت کی تشکیل کیلئے کی جانے والی کوششیں باآور ثابت نہ ہوسکیں تاہم وفاقی وزیر اور پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے بلوچستان اسمبلی میں پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے تمام اراکین اسمبلی کا اجلاس 11 مارچ کو اسلام آباد میں طلب کرلیا ہے جس میں بلوچستان حکومت کی تشکیل کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔