30 اپریل ، 2025
اسرائیلی حکومت نے اپنی سکیورٹی ایجنسی شین بیت کے چیف رونن بار کی برطرفی کا فیصلہ واپس لے لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت نے رونن بار کی برطرفی کا فیصلہ معطل کرنے سے عدالت کو آگاہ کر دیا۔
نیتن یاہو نے شین بیت کے سربراہ رونن بار کو مارچ میں برطرف کر دیا تھا۔تاہم اسرائیلی سپریم کورٹ نے نیتن یاہو حکومت کے فیصلے کو روک دیا تھا۔
رونن بار نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ وہ 15 جون کو عہدے سے مستعفیٰ ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ نیتن یاہو اور رونن بار کے درمیان حماس کے 7 اکتوبر 2023 کے حملے میں سکیورٹی کی ناکامی پر اختلافات ہیں۔
گزشتہ دنوں اسرائیل میں سکیورٹی چیف کو عہدے سے ہٹانے اور غزہ جنگ دوبارہ شروع کرنے پر ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے تھے۔