13 مارچ ، 2013
اسلام آباد…مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہاہے کہ کئی ممالک ایران سے تیل اور گیس خریدتے ہیں، پاکستان خرید لے گا تو اس پر اتنا واویلا کیوں ؟ایران سے ملنے والی گیس سے 4 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پرامر یکی تحفظات پر کہا کہ پاکستان نے اپنی توانائی سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے اور اس مقصد کے لیے جہاں بھی جانا پڑا، جائیں گے۔ایران سے آرمینیا، عراق اور کویت بھی گیس لے رہے ہیں پاکستان لے گا تو اتنی ہائپ کیوں ، بھارت اور چائنا ایران سے تیل لیتے ہیں۔ مشیر پٹرولیم نے بتایا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے 10 ہزار نوکریاں پیدا ہوں گی جب کہ صنعتوں کو بجلی ملنے سے معاشی ترقی میں تیزی آئے گی۔