13 مارچ ، 2013
میرپور خاص … ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ 18 مارچ کو یوم تاسیس کا مرکزی جلسہ میرپور خاص میں منعقد کیا جائے گا، سندھ کے علاقوں میں تفریق پیدا کرکے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ میرپورخاص کے گامہ اسٹیڈیم میں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے پریس کانفرنس کی۔ میڈیا سے گفتگو میں نسرین جلیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم جمہوری اصولوں اور روایات کو برقرار رکھے ہوئے ہے، حق پرست عوامی نمائندوں پر بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں۔ نسرین جلیل نے کہا کہ میرپورخاص یوم تاسیس کے جلسے کا مقصد نئے اور پرانے سندھیوں کے درمیان محبت کے رشتے کو مضبوط بنانا ہے۔ رکن ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی وسیم آفتاب نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کیلئے گلستان سرمست میں جگہ کی نشاندہی کی جاچکی ہے، معاملے کو سیاسی نہ بنایا جائے۔ وسیم آفتاب نے کہا کہ سندھ کے علاقوں میں تفریق پیدا کرکے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، ایسا بلدیاتی نظام چاہتے ہیں جو سندھ میں بسنے والوں کے مسائل حل کرے۔