13 مارچ ، 2013
اسلام آباد … ڈگریوں کی تصدیق میں تیزی کیلئے الیکشن کمیشن نے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے رابطہ کرلیا ہے۔ ایڈیٹر انویسٹی گیشن دی نیوز انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے 200 ارکان پارلیمنٹ کی تعلیمی اسناد کی تصدیق کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے رابطہ کیا ہے تاکہ ایسے ارکان کے خلاف مناسب کارروائی کی جا سکے جنہوں نے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے احکامات کے باوجود تعاون کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین ایچ ای سی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسناد کی تصدیق کا عمل جاری رکھے گا اور اس مقصد کیلئے متعلقہ یونیورسٹیوں کو خط لکھ کرارکان پارلیمنٹ کی ڈگریاں کی تصدیق کی جائے گی۔ 28 فروری کو پارلیمانی کمیٹی کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایچ ای سی سے ملنے والی رپورٹ کے تحت الیکشن کمیشن جعلی ڈگری والے امیدوار کو نوٹس جاری کرکے کارروائی کرے گا۔