13 مارچ ، 2013
اسلام آباد … سیکریٹری قانون یاسمین عباسی نے وزارت خزانہ کو فنڈز کے اجراء کے وسیع اختیار ات دینے سے انکار کر دیا حالانکہ وزیر اعظم اس سمری کی منظوری دے چکے تھے جس کی خبر جیو نیوز نے نشر کی تھی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے جیو نیوز کوبتایا کہ وزارت خزانہ کو فنڈز کے اجراء کے وسیع اختیارات دینے کی سمری پر سیکریٹری قانون یاسمین عباسی نے ایس آر او جاری کرنے سے انکار کردیا اور سیکریٹری خزانہ عبدالخالق کو دو ٹوک جواب دے دیا ہے۔ وزیر اعظم نے سمری منظور کی تھی کہ آڈیٹر جنرل پاکستان کی روک ٹوک کے بغیر وزارت خزانہ جتنے چاہے فنڈ زجاری کر دے۔ ذرائع کے مطابق سیکریٹری قانون نے اعتراض کیا ہے کہ سمری قانون کی شق 169 کی خلاف ورزی ہے اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوسکتا۔ اس سمری کیلئے وزیر اعظم کی نہیں بلکہ پارلیمنٹ کی منظوری ضروری ہے۔