13 مارچ ، 2013
پشاور … امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اسٹرٹیجک اور دیر پا تعلقات میں دلچسپی رکھتا ہے، توانائی، تعلیم، صحت اور معاشی ترقی کیلئے امریکی سرمایہ کاری پاکستان کے ساتھ تعاون کا واضح ثبوت ہے۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے پشاور کا دورہ کیا۔ اس دوران وہ تاریخی عجائب گھر گئے، جہاں انہوں نے قدیم فن پاروں میں خصوصی دلچسپی لی اور کہا کہ عجائب گھر میں رکھا گیا گندھارا تہذیب کا یہ دنیا کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے۔ اس دورے میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی اور آئی جی ایف سی میجر جنرل غیور محمود سے ملاقات بھی کی، جس میں رچرڈ اولسن نے فاٹا اور خیبر پختونخوا میں جاری منصوبوں کیلئے امریکی امداد پر روشنی ڈالی، اور کہا کہ توانائی، تعلیم، صحت اور معاشی ترقی میں امریکی سرمایہ کاری پاکستان کے ساتھ تعاون کا واضح ثبوت ہے۔