30 مئی ، 2025
قابض اسرائیلی افواج نے شمالی غزہ میں قائم العودہ اسپتال بند کرنے کا حکم جاری کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ شام شمالی غزہ کے علاقے تل الزعتر میں واقع العودہ اسپتال کے گرد اسرائیلی فوج نے بارود سے بھرے خودکار روبوٹ دھماکوں سے اڑا دیے اور اس دوران شدید گولہ باری بھی کی گئی۔
اسرائیلی فوج کا یہ اقدام اسپتال خالی کروادینے کے حکم کے فوری بعد دیکھنے میں آیا۔
دوسری جانب العود اسپتال میں عملے کی جانب سے جلدی جلدی زخمیوں اور مریضوں کی منتقلی کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق اسپتال میں اب بھی 13مریضوں سمیت 97 افراد موجود ہیں۔
واضح رہے کہ شمالی غزہ میں العودہ اسپتال وہ آخری اسپتال ہے جو کسی حد تک کام کررہا ہے کیوں کہ اس سے قبل اسرائیلی فوج انڈونیشی اور کمال عدوان اسپتالوں کو مکمل بند کرچکی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے مزید 70 فلسطینی شہید ہوگئے جب کہ اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی کی نئی امریکی تجویز مان لی ہے۔
اسرائیلی عہدیدار کے مطابق امریکی تجویز میں یرغمالیوں کی رہائی اور60 روزہ جنگ بندی شامل ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ امریکی تجویز کا مطلب غزہ میں لوگوں کا قتل جاری رہے گا، مطالبات پورے نہ کیے جانے کے باوجود جنگ بندی کی تجویز زیر غور ہے۔