14 مارچ ، 2013
ڈیلس…راجہ زاہد اختر خانزادہ/نمائندہ خصوصی…یونی ورسٹی آف نارتھ ٹیکساس امریکا میں مشرق وسطیٰ امن کانفرنس کا انعقاد کا اہتمام کر رہی ہے جس میں دنیا بھر سے ممتاز سفارت کار اور محققین شرکت کریں گے۔ ماہرین اس کانفرنس میں شمالی افریقا،مصر،ترکی، ایران لیبیا اور شام کی سیاسی،معاشی اور معاشرتی مسائل اور نوجوانوں کی تحریکوں پر مقالات پیش کریں گے۔کانفرنس کے مرکزی مقرر جارج ٹاؤن یو نی ورسٹی کے اسکول آف فارن افیئرز کے پروفیسر جوناتھن براؤن خطے میں حالیہ تبدیلیوں اور مستقبل پر تقریر کریں گے۔کانفرنس کے پہلے دن اسٹین فورڈ اور پر وفیسر چپ پٹ انسانی حقوق اور نوجوانوں کی حالیہ تحریکوں پر اظہار خیال کریں گے۔اسی دن ہیوسٹن میں اسرائیلی قونصل جنرل میئر شلمو بھی مشرق وسطیٰ میں امن کے موضوع پر اظہار خیال کریں گے۔کانفرنس کے چیئر مین اوریونی ورسٹی آف نارتھ ٹیکساس کے اسسٹنٹ ڈین ڈاکٹرقیصر عباس نے کہا کہ 2011میں جنوبی ایشیاء میں امن کے عنوان سے ایوارڈ یافتہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے بعد یونی ورسٹی میں امن کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے۔ڈاکٹر قیصر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ دنیا کا اہم ترین خطہ ہے اور یہاں کے بدلتے ہو ئے حالات کا عالمی سطح پر اثر ہوتا ہے،ا سلئے ضرورت ہے کہ محققین،سفارت کار اور سیاسی رہنما ایسی کانفرنسوں کے ذریعے بات چیت کا ماحول جا ری رکھیں۔کانفرنس میں دونوں دن کل16سیشن ہوں گے جن میں جمہوریت،آمریت کے خلاف جدو جہد،معاشرتی انصاف،مزاحمتی شاعری اور خواتین حقوق پر تحقیقی مقالات شامل ہوں گے،کانفرنس کے دوران ثقافتی اور ادبی تقریبات کا اہتمام بھی کیا ہے جن میں کتابوں کی نمائش تصاویر کی نمائش اور علاقائی رقص وموسیقی کی رنگارنگ تقریب بھی شامل ہے۔تحقیقی سیشن میں ویب سائٹ International.unt.edu/untpcپر رجسٹریشن کرواکر شرکت کی جا سکتی ہے۔ڈنر اور لنچ کے لئے20ڈالرز کے ٹکٹ بھی خریدے جا سکتے ہیں۔