پاکستان
14 مارچ ، 2013

عباس ٹاؤن اور بادامی باغ متاثرین سے اظہار یکجہتی : ایم کیو ایم امریکا کے مظاہرے

 عباس ٹاؤن اور بادامی باغ متاثرین سے اظہار یکجہتی : ایم کیو ایم امریکا کے مظاہرے

واشنگٹن…ایم کیو ایم امریکہ کے زیر اہتمام سانحہ عباس ٹاؤن اور سانحہ بادامی باغ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے 16سے زائد شہروں میں مظاہرے منعقد کئے گئے۔ جن بڑے شہروں میں مظاہرے منعقد ہوئے ان میں شکاگو، واشنگٹن ڈی سی، نیویارک، نیو جرسی، ایٹلانٹا، لاس اینجلس، ہیوسٹن، ڈیلس، میامی ، فلاڈیلفیا اور ڈیٹرائٹ شامل ہیں۔ مظاہروں میں ایم کیو ایم کے ذمہ داران ، کارکنان اور ہمدردوں کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے شریک ہوئے۔مظاہرین نے مختلف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر سانحہ عباس ٹاؤن اور بادامی باغ کی مذمت، پاکستان سے انتہا پسندی کے خاتمے ، کالعدم تنظیموں کے خلاف کاروائی سمیت شعیہ اور مسیحی کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ مظاہروں سے ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت سینٹرل کمیٹی کے اراکین نے خطاب کیا۔ جنید فہمی نے کہا کہ مٹھی بھر انتہا پسند عناصر دہشت اور بربریت کے بل بوطے پر پاکستان کے عوام کو اپنا غلام بنانا چاہتے ہیں، انتہا پسند تنظیمیں امن، ترقی اور خوشحالی کی دشمن ہیں اور پاکستان کو پتھر کے زمانے میں دھکیلنا چاہتے ہیں،انھوں نے کہا کہ شعیہ کمیونٹی کی نسل کشی اور مسیحی برادری پر حملے اسی سازش کی کڑی ہیں جس کا مقصد پاکستان کو کمزور اور مفلوج کرنا ہے، ایم کیو ایم وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک میں مذہبی رواداری کے فروغ اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔مظاہروں میں شریک پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان میں امن، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لئے الطاف حسین کی کوششوں کو سراہا۔ مظاہروں کے اختتام پر سانحہ عباس ٹاؤن کے شہداء کے لئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاء بھی کی گئی۔

مزید خبریں :