17 مارچ ، 2013
اسلام آباد … ملکی تاریخ میں پہلی بار 5 سالہ مدت مکمل ہونے پر قومی اسمبلی تحلیل اور وفاقی کابینہ ختم ہوگئی۔ قومی اسمبلی کی تحلیل کا نوٹی فکیشن وزارت پارلیمانی امور نے صدر زرداری کی منظوری کے بعد جاری کیا تھا جس کے مطابق رات 12 بجے قومی اسمبلی کی مدت پوری ہوگئی اس کے ساتھ ہی اسمبلی تحلیل ہوگئی۔ نوٹی فکیشن کی کاپی سیکریٹری صدر مملکت، پرنسپل سیکریٹری وزیراعظم، سیکریٹری الیکشن کمیشن، سیکریٹری قومی اسمبلی، سیکریٹری سینیٹ، تما م وزارتوں، صوبائی چیف سیکریٹریز، اٹارنی جنرل پاکستان اور پرنسپل انفارمیشن افسران کو بھجوا دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی تحلیل کا نوٹی فکیشن آج جاری کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی کی تحلیل کے ساتھ ہی وفاقی وزراء، وزرائے مملکت اور مشیران کے عہدے بھی ختم ہو گئے ہیں، وزیراعظم راجا پرویز اشرف نگراں وزیراعظم کے عہدہ سنبھالنے تک وزارت عظمی کے منصب پر فائز رہیں گے۔