04 اپریل ، 2025
کمپیوٹر کی بورڈ بیشتر افراد کے لیے اجنبی نہیں ہوتا، خاص طور پر جو اپنے دفتری کاموں کے لیے اسے روزانہ استعمال کرتے ہیں۔
روزانہ کی بورڈ استعمال کرنے والے اس میں موجود شفٹ کی کو بھی استعمال کرتے ہیں، مگر کیا آپ نے کبھی سوچا کہ آخر اس کا نام شفٹ رکھنے کی وجہ کیا ہے اور وہ کیوں کی بورڈ کا حصہ بنی؟
ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں ٹیکنالوجی ماہر ریان سینسکی نے کی بورڈ کے اس بٹن کی دلچسپ تاریخ کے بارے میں بتایا جسے عموماً ٹائپنگ کے دوران کیپیٹل لیٹرز اور آلٹرنیٹ کریکٹرز یا سمبل ٹائپ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ 1990 کی دہائی کے کمپیوٹرز کے کی بورڈ میں بھی شفٹ کی موجود تھی اور بالکل اسی پوزیشن پر تھی جہاں اب نظر آتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 1983 کے Commodore 64 کی بورڈ میں بھی شفٹ کی موجود تھی۔
ان کے مطابق درحقیقت شفٹ کی عرصے سے کی بورڈ میں موجود ہے اور اس کے استعمال کا آغاز پرانے ٹائپ رائٹرز میں ہوا تھا۔
ان ٹائپ رائٹرز میں شفٹ لاک کی وہ کام کرتی تھی جو اب کیپس لاک کرتا ہے۔
جی ہاں واقعی شفٹ کی کو کی بورڈ کا حصہ 1878 میں ریمینگٹن نمبر 2 ٹائپ رائٹر میں بنایا گیا تھا۔
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ پرانے ٹائپ رائٹرز میں جب شفٹ کی کو دبایا جاتا تھا تو وہ لیٹر کیز کیرج کو نیچے کی جانب منتقل کر دیتی تھی۔
یہ کیرج نیچے ہونے سے ٹائپ رائٹر استعمال کرنے والے افراد کیپیٹل لیٹرز اور آلٹرنیٹ سمبل استعمال کر پاتے تھے۔
اسی لیے اس کی کا نام شفٹ رکھا گیا کیونکہ یہ کیرج کو شفٹ کرکے کیپیٹل لیٹرز کی ٹائپنگ ممکن بناتی تھی۔