02 جنوری ، 2012
کراچی…شکیل یامین کانگا …حاجرہ خان کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت دیا ویمنز فٹ بال کلب نے جامشورو کلب کو اور ینگ رائزنگ اسٹار نے پاکستان سٹی ویمنز فٹ بال کلب کو شکست دیکر این بی پی انٹر کلب ویمنز فٹ بال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل جمعہ کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسری پوزیشن کا میچ جمعرات کو ہوگا۔ کے پی ٹی فٹ بال اسٹیڈیم پر کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں ینگ رائزنگ اسٹار راولپنڈی نے اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے پاکستان سٹی ویمنز فٹ بال کلب کو 3-0 سے زیر کرکے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ بشری جمالی، اسمارہ کیانی اور زارا کیانی نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ میچ ریفری فرید احمد جبکہ میچ کمشنر عبدالشکور بلوچ تھے۔ پیپلز اسپورٹس کمپلیکس لیاری میں کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں حاجرہ خان کی شاندار کارکردگی کی بدولت دیا ویمنز فٹ بال کلب نے جامشورو کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-0 سے شکست دی۔ حاجرہ خان نے ٹورنامنٹ کی دوسری ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ سیمی فائنل میں انہوں نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی دکھائی اور مسلسل تین گول کرکے ہیٹ ٹرک کی، مریم لغاری، رخسار اور افشاں الطاف نے ایک ایک گول کیا۔ میچ کمشنر محمد اقبال جونیئر اور میچ ریفری محمد یونس لعل تھے۔ دریں اثناء سندھ کے صوبائی وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ نے ویمنز فٹ بال ٹورنامنٹ میں راولپنڈی سے تعلق رکھنے والی قومی چیمپئن ینگ زائرنگ اسٹار کی کراچی میں ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں ملک کے دیگر حصوں سے بھی ٹیمیں خواتین ایونٹ میں حصہ لیں گی۔ انہوں نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی زیادہ سے زیادہ مواقع دینا چاہتے ہیں۔ فٹ بال کا کھیل خواتین میں مقبولیت حاصل کررہا ہے اسے سندھ کے تمام علاقوں تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔