03 مارچ ، 2012
اسلام آباد… بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں جلد بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو گی۔ پاکستان کے وزیر داخلہ رحمن ملک اور پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان اور بنگلا دیش میں قریبی روابط ہیں۔ مصطفی کمال 8رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے موجود ہیں ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی میں بنگلا دیش کو تسلیم کرنے میں پاکستان کا کردار اہم رہا۔ مصطفی کمال نے وزیر داخلہ رحمن ملک اور پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف کو بھی بنگلا دیش کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔اس موقع پر مختصر گفتگو میں رحمن ملک کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کی خواہشات پر مبنی موٴثر سیکیورٹی پلان بنایاجائیگا اور ٹیم کو پاکستان آنے پر ہر جگہ مکمل سیکیورٹی دی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلا دیشی ٹیم کو کہا ہے کہ جو بھی سیکیورٹی انتظام درکار ہوں،فراہم کرینگے۔