24 مارچ ، 2013
کراچی…سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف صدارت سے سبکدوشی کے بعد خود ساختہ جلاوطنی کے تحت چار سال اور چارماہ تک بیرون ملک مقیم رہے۔ پرویز مشرف نے18 اگست2008 کو صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ نومبر دو ہزار آٹھ میں وہ بیرون ملک چلے گئے اور لندن میں رہائش پذیر تھے۔ دو دن پہلے ہی سندھ ہائی کورٹ نے تین مقدمات میں پرویز مشرف کی حفاظتی ضمانتیں منظور کی ہیں۔ پرویز مشرف پر سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کو مطلوبہ سیکیورٹی فراہم نہ کرنے ، بلوچستان کے سابق وزیراعلی رہنما نواب اکبر بگٹی کے قتل کی سازش کرنے اور چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سمیت ساٹھ ججوں کو حبس بے جا میں رکھنے کے الزامات ہیں۔