24 مارچ ، 2013
لاہور…پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے درمیان الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، دونوں جماعتوں کی قیادتوں نے کمیٹیاں بھی بنا دی ہیں۔سید منورحسن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی،بعدمیں میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے بتایا کہ ملاقات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت مختلف امور پر بات ہوئی،پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں 5سال مک مکا رہا ، کسی بے اصول پارٹی سے اتحاد نہیں کرینگے۔امیر جماعت اسلامی سیدمنور حسن نے کہا کہ تحریک انصاف کی طرح وہ بھی کرپشن فری معاشرہ چاہتے ہیں،ان کاکہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کا ٹریک رکارڈ زگ زیگ رہا ہے ، امید ہے الیکشن صاف شفاف کرائینگے،سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے تحریک انصاف کی کمیٹی میں جاوید ہاشمی ، پرویز خٹک اور چاروں صوبائی صدور شامل ہیں جبکہ جماعت اسلامی کی کمیٹی میں لیاقت بلوچ ، پروفیسر ابراہیم اور دیگرصوبائی امیر شامل ہیں،سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے تین روز میں رپورٹ پیش کی جائیگی ۔