25 مارچ ، 2013
لاہور… مسلم لیگ ہم خیال کے سربراہ اورسابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کا کہنا ہے کہ میر ہزار کھوسو اچھے انسان ہیں امید ہے کہ غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں گے۔ لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری عبدالقدیر کی طرف سے دیئے گئے عشایئے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ارباب غلام رحیم کا کہنا تھا کہ نگران وزیر اعظم کیلئے سیاسی جماعتوں کو خود فیصلے کرنے چاہئے تھے۔ انکا کہنا تھا پرویز مشرف کے واپس آنے میں انکا کوئی ہاتھ نہیں اگر ایسا ہوتا تو وہ ایئرپورٹ پر انکا استقبال کرتے۔ الیکشن کمیشن سے توقع کرتے ہیں کہ وہ آزادی سے کام کرنے کا موقع دے گا۔ نگران وزیر اعظم کے حوالے سے انہوں نے کہا میر ہزار کھوسو اچھے جج ہیں وہ غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں گے اوردوسروں کی خاطر اپنی شہرت خراب نہیں کریں گے۔