26 مارچ ، 2013
اسلام آباد…تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ دو دن میں اپنا منشور عوام کے سامنے پیش کر دیں گے جس میں ایک ایک نکتہ پر اسٹڈی کی گئی اور اس چیز کو منشور میں شامل کیا ،ہم جھوٹ بولنا نہیں چاہتے اسی لئے منشور میں ایسی کوئی چیز شامل نہیں ہو گی جو حقیقت سے دور ہو۔ اپنے منشورمیں تمام چیزیں تفصیل سے بیان کروں گا۔نواب آف بہاول پور صلاح الدین کے ہمراہ اسلام آباد میں پر یس کانفرنس میں ان کا کہنا ہے کہ بہاول پور میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا ہے اور اسی سلسلے میں نواب صاحب کے ساتھ بیٹھا ہوں جن پر کسی قسم کی کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔اب ہماری پارٹی میں صرف نظریاتی لوگ موجود ہیں،نواب صلاح الدین بھی اسٹیٹس کو کے خلاف ہیں۔عمران خان نے کہا کہ سیٹ خالی چھوڑ دیں گے مگر2 نمبرآدمی کوٹکٹ نہیں دیں گے،حلوہ کھانے والے لوگوں کو اپنی پارٹی میں شامل کرنے پر نوازشریف کا شکرگزار ہوں۔اس موقع پرنواب آف بہاول پور صلاح الدین نے کہا کہ عمران خان اور میری سوچ میں ہم آہنگی ہے،اس وقت کی سوچ اور قیام پاکستان کے وقت کی سوچ میں بڑا فرق آگیاہے۔