03 مارچ ، 2012
کراچی … جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت نو گو ایریا ز کا خاتمہ یقینی بنائے، کراچی سے متعلق عدالتی فیصلے کو اس کی روح کی مطابق نافذ کیا جائے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کا کراچی ٹیکس بار کے سالانہ عشائیے سے خطاب کررہے تھے۔ جسٹس افتخار چوہدری نے کہا کہ بھتے کی لعنت نے کراچی کو مجروح کررکھا ہے ، بھتے کا خاتمہ اور سرمایہ کاری کیلئے پْرامن ماحول اہم ضرورت ہے، قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھ کے ساتھ نمٹنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری امن و امان اور قانون کی بالا دستی سے مشروط ہے، کراچی امن وامان کیس میں فیصلہ دیا کہ پولیس کوسیاست سے پاک کیا جائے، عدالتی فیصلے کو اسکی روح کی مطابق نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن کا قیام، دہشتگردی کا خاتمہ ایک جامع حکمت عملی کا مطالبہ کرتی ہے، کوئی بھی ریاست افراتفری اور بدامنی میں ترقی نہیں کرسکتی۔ چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت نو گو ایریا ز کا خاتمہ یقینی بنائے، ان کا کہنا ہے کہ کراچی ملک کی تجارتی ،معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے۔