28 مارچ ، 2013
لاہور … کہیں بجلی توچوری نہیں کرگئے، ملک بھر میں سابق ایم این ایز، ایم پی ایز اور سرکاری افسروں کے گھروں کے میٹروں کی چیکنگ کا فیصلہ کرلیا گیا۔ چیئرمین واپڈا نے 500 ارب کا گردشی قرضہ ادا کرنے کیلئے خصوصی ریکوری مہم چلانے کا حکم بھی دیدیا۔ چیئرمین واپڈ ا راغب علی شاہ کی جانب سے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے سربراہوں کو خصوصی مراسلہ جاری کیا گیاہے ، سابق ارکان پارلیمنٹ کے گھروں کے میٹر چیک کرنے کی ہدایتکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میٹروں میں گڑ بڑ پائی جائے تو جرمانہ ڈال کر فوری مقدمہ درج کرایا جائے۔ یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ جی او آر میں مقیم سرکاری افسران کے گھروں کے میٹر بھی چیک کئے جائیں۔ چیئرمین کا کہنا ہے کہ 500 ارب روپے کا گردشی قرضہ ادا کرنے کیلئے بلا امتیاز ریکوری مہم چلائی جائے، نادہندہ خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو اس سے واجبات وصول کئے جائیں۔ مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سابق ارکان اسمبلی کے بلوں کے بقایا جات کی بھی مکمل چھان بین کی جائے ۔