28 مارچ ، 2013
کراچی …پی آئی اے میں طیاروں کی کمی کے اثرات اب ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں۔مناسب تعداد میں کارآمد طیارے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پی آئی اے نے موسم گرما کے شیڈول میں دہلی اور کھٹمنڈو کیلئے بعض پروازیں بند کردی ہیں۔ ایرلائن ذرائع کے مطابق نئے طیاروں کے حصول میں ناکامی اور پرانے طیاروں کیلئے فاضل پرزے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پی آئی اے کا موسم گرما کا شیڈول صرف 19 طیاروں کو مد نظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔جس کی وجہ سے بعض پروازیں بند کرنا پڑی ہیں۔ دہلی اور کھٹمنڈو کیلئے کراچی سے ہفتہ وار دو پروازیں آپریٹ ہوتی تھیں۔اب دونوں مقامات کیلئے جمعرات کے دن ہونے والی پرواز بند کردی گئی ہے۔ اب صرف پیر کے دن ہونے والی پروازیں ہی چلیں گی۔ایرلائن ذرائع کے مطابق پہلے دہلی کیلئے پروازیں بوئنگ 737 طیاروں کے ذریعے آپریٹ ہوتی تھیں۔اب واحد پرواز قدرے بڑے طیارے ایربس کے ذریعہ چلائی جائے گی۔