04 مارچ ، 2012
ہیوسٹن … راجہ زاہد اختر خانزادہ … مسلم کونسل آف یوایس اے کے زیراہتمام بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس ہیوسٹن کے مرکز ڈاؤن ٹاؤن میں منعقدکی گئی ،جس میں امریکی کانگریس کے رکن الگرین، میئر ہیوسٹن انیس پارکر سمیت تقریباً 21 مذاہب سے تعلق رکھنے والے ممتاز مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کانگریس مین الگرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنی النوع انسان کو دنیا میں پیدا کرنے کا مقصد یہی تھا کہ دنیا میں تمام رہنے والے امن محبت سے رہ سکیں۔ کانفرنس سے لندن سے خصوصی طور پر آئی ہوئی مسلمان مقررہ سارہ جوزف الدریشہ ، ربی اسٹیفین مورگن، اجیت گیانی، کوچیاں، ڈایاں سگھی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے اتحاد بین المذاہب کی ضرورت پر زور دیا اورکہا کہ دنیا میں موجود ہر مذہب میں کئی چیزیں مشترک ہیں جن کو بنیاد بناکر ہم ایک دوسرے کیلئے عزت وا حترام کا رشتہ پیدا کرسکتے ہیں اور اس دنیا کو امن و محبت کا گہوارہ بناسکتے ہیں۔ اس موقع پر کانفرنس کے میزبان اور مسلم کونسل آف یو ایس اے کے صدر شاہد سنی نے تمام حاضرین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ کانگریس مین الگرین اور ہیوسٹن کی مشیر انیس پارکر کی جانب سے مسلم کونسل آف یو ایس اے کے صدر شاہد سنی کو تمام مذاہب کے درمیان ہم آہنگی قائم کرنے کی کوششوں کے اعتراف میں اسناد دی گئیں۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔