پاکستان
31 مارچ ، 2013

انتخابات میں حصہ لینے آیا ہوں، باہر جانے کا کوئی ارادہ نہیں، مشرف

انتخابات میں حصہ لینے آیا ہوں، باہر جانے کا کوئی ارادہ نہیں، مشرف

کراچی… سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے اعلان کیا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے آیا ہوں ملک سے باہر جانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ماضی میں ان کے ساتھ رہنے والے اپنی سیاست کررہے ہیں اب”لوٹو اور بھاگو “والے لوگ نہیں نئے چہرے آنے چاہئیں۔کراچی کے مقامی ہوٹل میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پاکستان بچاوٴ تحریک کے رہ نما سردار عبداللہ مینگل نے ساتھیوں سمیت آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں بھی بلوچستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے مستقبل میں بھی بلوچستان کی پسماندگی دور کریں گے۔آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ لوگوں کی شمولیت کی فہرستیں اور سیاسی مشورے بھی مل رہے ہیں ،انتخابات میں حصہ لینے آیا ہوں ملک سے باہر جانے کا کوئی ارادہ نہیں۔پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ2001سے2007تک پاکستان آسمان پر جارہا تھااور 2008سے زمین پر آگیا۔ ماضی میں ان کے ساتھ رہنے والے اپنی سیاست کررہے ہیں اب لوٹو اور بھاگو والے لوگ نہیں نئے چہرے آنے چاہئیں۔

مزید خبریں :