31 مارچ ، 2013
لاہور … پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے 30 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کردیا ہے، مڈل آرڈر بیٹسمین یونس خان اور نوجوان اسپنر رضا حسن ٹیم میں شامل نہیں۔ چیمپئنز ٹرافی 6 جون سے انگلینڈ میں شروع ہوگی جس کے لئے 30 رکنی قومی اسکواڈ کا سلیکشن کمیٹی نے اعلان کردیا۔ اسکواڈ میں تجربہ کار بیٹسمین یونس خان کو شامل نہیں کیا گیاجبکہ نوجوان اسپنر رضا حسن بھی ٹیم کا حصہ نہیں تاہم 2 نئے چہرے فاسٹ بولر عمران خان اور وکٹ کیپر محمدرضوان کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ شاہد آفریدی بھی اسکواڈ میں موجود ہیں، جبکہ ناصر جمشید، محمد حفیظ ، عمران فرحت ، احمد شہزاد، مصباح الحق، اسد شفیق، سہیل تنویر، عمرگل، اظہر علی، اسد علی، انور علی، جنید خان، عمر امین ، حارث سہیل اور کامران اکمل بھی 30 ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔