04 مارچ ، 2012
ملتان … وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ میں سمجھتا ہوں وہ لوگ معصوم ہیں جو کہتے ہیں کہ ہم پارلیمنٹ کی طاقت کو تسلیم نہیں کرتے، منتخب عوام کے نمائندوں کو آپ تسلیم نہیں کریں گے تو 18 کروڑ عوام ان کو کیسے تسلیم کرے گی۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی ملتان میں ایم پی اے ڈاکٹر اختر ملک کی رہائش گاہ پر ظہرانے سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان پیپلز پارٹی صرف اس لئے چھوڑی کہ ان سے وزرات خارجہ کا قلمدان واپس لے کر بجلی و پانی کا محکمہ دیا جارہا تھا، محترمہ کے شہید ہونے کے بعد ہمارا حق نہیں بنتا تھا کہ ہم پارٹی کو چھوڑ کر چلے جاتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میاں شہباز شریف نے علی موسیٰ گیلانی کی جیت پر مجھے فون کر کے مبارکباد دی، دھاندلی کا شور صرف وہ لوگ مچا رہے ہیں جو انقلاب کی باتیں کرنے والی پارٹی میں گئے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی زندگی میں پہلا پارٹی ٹکٹ علی موسیٰ گیلانی کو دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام سرائیکی صوبے کے خلاف سازش کرنے والوں سے بچ کر رہیں، تین اضلاع پر مشتمل صوبہ بنانے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ میاں نواز شریف کے اس بیان کو مسترد کرتے ہیں جس میں انتظامی بنیادوں پر صوبہ بنانے کا کہا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ان کے بیٹوں اور بھائی کو بھی ٹکٹ نا ملتا تو بھی وہ پیپلز پارٹی میں ہی رہتے، وہ سیاست تو چھوڑ سکتے ہیں لیکن پارٹی نہیں۔ انہوں نے کہا جو لوگ کہتے تھے ہم انقلاب لائیں گے وہ دیکھیں ضمنی انتخابات میں 93 ہزار وٹ لے کر ہم انقلاب لے آئیں ہیں ۔